ڈھاکہ 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش میں منگل سے شروع ہونے والے ایشیا کپ ونڈے ٹورنمنٹ میں روایتی حریف ٹیموں ہندوستان اور پاکستان کے مابین مقابلہ کے امکانات ہیں۔ دونوں ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے مظاہرہ کا موقع مل سکتا ہے ۔ روایتی حریف ٹیموں کے مابین عموما کرکٹ مقابلے ناپید ہوگئے ہیں اور سیاسی اختلافات اسکی وجہ قرار دئے جاتے ہیں۔ 2011 میں ورلڈ کپ سیمی فائنل کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے مابین صرف پانچ ونڈے مقابلے ہوئے ہیں اور تین ٹوئنٹی 20 میچس ہوئے ہیں۔ یہ مقابلے باہمی نہیں بلکہ زیادہ تر ہمہ قومی سیریزوں میں ہوئے ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے مابین آحری مقابلہ گذشتہ سال جون میں برمنگھم میں چمپئنس ٹرافی میں ہوا تھا جب ہندوستان کو بارش سے متاثرہ میچ میں آٹھ وکٹس سے کامیابی ملی تھی ۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ہی بڑا چیلنج رہا ہے کیونکہ اس میں بہت زیادہ دلچسپی ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک بہترین ٹیم ہے اور ہمیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ دونوں ٹیموں کے مابین حالیہ وقتوں میں زیادہ مقابلے نہیں ہوئے ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ یہ بہت دلچسپ مقابلہ ہوگا ۔ پانچ قومی ایشیا کپ ٹورنمنٹ میں پاکستان دفاعی چمپئن کی حیثیت سے آغاز کریگا ۔ اس نے 2014 میں ڈھاکہ میں یہ خطاب جیتا تھا ۔ عالمی چمپئن ہندوستان کے علاوہ پاکستان ‘ سری لنکا ‘ بنگلہ دیش اور نئی ٹیم افغانستان ایک دوسرے کے خلاف لیگ مرحلہ میں مقابلہ کرینگی اور دو ٹاپ ٹیمیں فائنل میں پہونچیں گی جو 8 مارچ کو ڈھاکہ میں کھیلا جائیگا۔ ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقابلہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہوگا ۔ ہندوستان اور پاکستان کا میچ 2 مارچ اتوار کو شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائیگا۔
ہندوستانی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں باقاعدہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے بغیر حصہ لے رہی ہے جو ان فٹ ہیں۔ ٹاپ آرڈر بلے باز ویراٹ کوہلی ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ دنیش کارتک ٹیم کے وکٹ کیپر ہونگے ۔ سری لنکا کی ٹیم پہلے ہی بنگلہ دیش میں ہے جو وہاں باہمی سیریز کھیل رہی تھی اور اس نے ٹسٹ ‘ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستان کا پہلا مقابلہ بنگلہ دیش کے خلاف چہار شنبہ کو ہوگا ۔ اس ٹورنمنٹ میں زیادہ تر توجہ افغانستان پر ہوگی جسے ایشین کرکٹ کونسل نے اس ٹورنمنٹ میں شمولیت کی اجازت دی ہے ۔ افغانستان کی ٹیم آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ میں بھی حصہ لینے والی ہے ۔ افغانستان نے اب تک ٹسٹ کھیلنے والی دو ہی ٹیموں پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف ایک ایک ونڈے میچ کھیلا ہے اور دونوں ہی میچس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑاہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ افغان ٹیم یہاں اچھا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریگی ۔ اس نے اب تک کسی بین الاقوامی مقابلہ میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے ۔