ووہان (چین )، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر 1 سائنا نہوال نے اپنی مہم کی شروعات سخت محنت سے حاصل کردہ جیت کے ساتھ کی، جبکہ پی وی سندھو نے بھی اپنا شاندار ردھم جاری رکھا لیکن سرکردہ مینس شٹلر پاروپلی کیشپ کیلئے 200,000 امریکی ڈالر والی بیڈمنٹن ایشیا چمپئن شپ میں آج یہاں سب کچھ ختم ہوگیا۔ اولمپک برونز میڈلسٹ سائنا جنھیں ابتدائی دو راؤنڈز میں بائی اور واک اوور مل گیا تھا، ویمنس سنگلز میچ میں جو ایک گھنٹہ اور سات منٹ چلا، جاپان کی نوزومی اوکوہارا کے مقابل 21-14، 10-21، 21-10 کی جیت کے ذریعے اس ایونٹ میں آگے بڑھ گئیں۔ ہندوستانی اسٹار کا اگلا مقابلہ چائنیز تائپی کی پانچویں سیڈ زو یینگ تائی سے رہے گا۔ آٹھویں درجہ کی سندھو نے جو ورلڈ چمپئن شپس میں دو مرتبہ کی برونز ونر ہیں، ٹاپ سیڈ چین کی لی ژویروئی کے ساتھ کوارٹرفائنلس کا مقابلہ مقرر کرلیا ہے جبکہ انھوں نے ووہان اسپورٹس سنٹر جمنازیم میں ایک دیگر ویمنس سنگلز میچ میں مکاؤ کی تینگ ایوک یو کو 21-8، 21-9 سے ہرایا۔ تاہم کامن ویلتھ گیمز چمپئن کیشپ جنھوں نے گزشتہ روز چائنیز تائپی کے جین ہاؤ سو کے خلاف طویل میچ کھیلا تھا، اپنی جیت کا سلسلہ برقرار نہ رکھ سکے جیسا کہ اُن کی قابل قدر مزاحمت چین کے ساتویں درجہ کے زینگ منگ وانگ کے مقابل 23-21، 17-21، 8-21 کے اسکور پر اختتام پذیر ہوگئی۔ دیگر ہندوستانیوں میں مانو اَتری اور سمیت ریڈی کی مینس ڈبلز جوڑی چین کے تیسرے درجہ والے ژیاؤلانگ لیوو اور زیہان قیو کے خلاف 10-21، 13-21 سے ہار گئی۔ ارون وشنو اور اپرنا بالن کی مکسڈ ڈبلز جوڑی بھی چین کے کائی لوو اور یاقیونگ ہوانگ کے مقابل 13-21، 5-21 سے ناکام ہوگئی۔