ایشیاء کپ کیلئے اسٹار اسپورٹس پر تشہیری مہم کا آغاز

ممبئی ۔ 14 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایشیاء کپ 2018ء جس کا آغاز 15 سپٹمبر کو ہورہا ہے اور اس دلچسپ ٹورنمنٹ میں ہندوستان ۔ پاکستان ۔ بنگلہ دیش ۔ سری لنکا ۔ افغانستان کے علاوہ ایشیاء کپ 2018 ء کوالیفائر کی فاتح ٹیم بھی شرکت کرے گی۔ تاہم ایک مہینہ پہلے ہی اس ٹورنمنٹ کے آفیشل براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس نے ایک تشہیری مہم کا آغاز کردیا ہے جس کو ’’ناک ناک ‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ 50 اوورس کے اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان ، پاکستان ، بنگلہ دیش اور سری لنکا پڑوسی ممالک ہیں ، اسی تناظر میں اس تشہیری مہم کو پڑوسیوں کا ٹورنمنٹ قرار دیتے ہوئے دلچسپ نوک جھونک کے ساتھ ایک مختصر فلم بنائی گئی ہے ۔ یاد رہے مذکورہ ٹورنمنٹ میں ہند۔ پاک مقابلے کا شیڈول تنازعہ کا شکار ہے ۔