میرپور۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے آج ہندوستانی ٹیم انتظامیہ پر شدید تنقید کی کیونکہ ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے گروپ مرحلے کے ایک غیراہم مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے اپنے قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی حالانکہ ٹیم کے ہمراہ ٹسٹ کے ماہر کھلاڑی چٹیشور پجارا اور نوجوان فاسٹ بولر ایشور پانڈے بھی موجود ہیں۔ گواسکر نے انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیراہم مقابلے میں پجارا اور ایشور پانڈے کو شامل نہ کرنے کے بعد میرے ذہن میں ایک ہی خیال آتا ہے کہ اگر یہ کھلاڑی بہتر مظاہرہ کرلیں گے تو پھر ٹیم میں ہمارے پسندیدہ کھلاڑیوں کا کیا ہوگا۔ گواسکر کے بموجب اس طرح کا رجحان ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کو یہ پیغام دیتا ہے کہ کچھ بھی کروں، ٹیم میں ہوں۔
گواسکر نے ٹیم انتظامیہ سے استفسار کیا کہ کیا وہ چٹیشور پجارا کو شامل کئے جانے کے بعد اس کھلاڑی کی جانب سے بہتر اسکور خائف ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ ان کے پسندیدہ کھلاڑیوں کو نقصان ہوگا۔ گواسکر نے مزید کہا کہ ٹیم انتظامیہ کا یہ فیصلہ آسانی سے ہضم ہونے والا نہیں ہے۔ ٹیم کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے چند کھلاڑی مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور انہیں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل آرام کی ضرورت ہے لہذا افغانستان کے خلاف چند کھلاڑیوں کو آرام دیا جاسکتا تھا۔ گواسکر نے ایشور پانڈے کے متعلق کہا کہ نوجوان فاسٹ بولر کو دورۂ نیوزی لینڈ پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور اب وہ ایشیا کپ میں بھی ٹیم کے رکن ہیں، لیکن نیوزی لینڈ اور ایشیا کپ میں انہیں ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں دیا گیا۔