ایڈیلیڈ۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ایشز ٹسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا لیے، پیٹر ہینڈز کامب 36 اور شان مارش 20 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، دوسرے ایشز ٹسٹ کے پہلے روز آسٹریلیائی بیٹسمین خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے، عثمان خواجہ 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیمز اینڈرسن، کرس ووکس اور اوورٹن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہفتے کو ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوروٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی طرف سے بنکرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں ٹیم کو 33 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، بنکرافٹ 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، 86 کے سکور پر کینگروز کی دوسری وکٹ گری جب وارنر 47 رنز بنانے کے بعد ووکس کی گیند پر بیئرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر عثمان خواجہ نے کپتان اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر سکور 139 تک پہنچا دیا، یہاں پر عثمان خواجہ 53 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جیمز ونس نے ان کا کیچ لیا، 161 کے اسکور پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ گری جب کپتان اسمتھ 40 رنز بنا کر اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر ہینڈز کامب اور شان مارش نے محتاط انداز اپنایا اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 209 رنز بنا لیے تھے۔