ایشز میں شکست ،انگلینڈ کے نئے دورکا آغاز : فلاور

سڈنی ۔ 6 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کوچ اینڈی فلاور نے آج انتباہ دیا ہے کہ آسٹریلیا میں انگلینڈ کی شرمناک شکست کے بعد ٹیم کے مسائل میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اتوار کو آسٹریلیا نے 5-0 کی ایشز کامیابی اس وقت حاصل کی تھی جب بے بس مہمان ٹیم سڈنی ٹسٹ کے تیسرے دن 31.4 اوورس میں صرف 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور آسٹریلیا نے اس مقابلہ میں 281 رنز کی کامیابی حاصل کی۔ انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف شرمناک شکست کی کسی نے امید نہیں تھی تھی ۔ کیونکہ اس سیریز سے ایک ماہ قبل انگلینڈ نے اپنے گھریلو میدانوں پر آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں 3-0 کی شکست دی تھی۔ انگلینڈ کی شکست پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیم کے کوچ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ وہ کسی انفرادی کھلاڑی پر الزام نہیں دیں گے حالانکہ ٹیم میں موجود دنیا کے کامیاب ترین بیٹسمین موجود کیون پیٹرسن ناقص مظاہروں کی وجہ سے شدید تنقیدوں کی زد میں ہیں۔

پیٹرسن کا 104 ٹسٹ مقابلوں میں اوسط 47 ہے لیکن سڈنی ٹسٹ میں وہ 3 اور 6 رنز بناسکے اور اس طرح وہ پانچ مقابلوں کی سیریز میں 29.40 کی اوسط سے 294 رنز ہی اسکور کر پائیں ہیں۔ انگلش ٹیم کے کوچ فلاور نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف شرمناک شکست انگلینڈ کے ایک عہد کا خاتمہ ہے لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پیٹرسن انگلینڈ کی مستقبل ٹیم کا حصہ ہوں گے تو انہوں نے میڈیا نمائندوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو ایک نئے عہد کا آ غاز کرنا ہے اور ہوسکتا ہے کہ وہ اس عہد کا بھی حصہ ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک نئے عہد کا آ غاز کرنے سے قبل ٹیم کو مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جس کے بعد ہی وہ دوبارہ کامیابی کا مزہ چکے گی۔ پیٹرسن کے علاوہ 31 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین ماٹ پریئر جنہیں سڈنی ٹسٹ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، ان کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے ۔ دریں اثناء کوچ نے کپتان الیسٹر کک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کک نئی انگلش ٹیم کی قیادت کیلئے موزوں فیصلہ ہوگا۔ دوسری جانب کک نے خود یہ اعتراف کیا ہے کہ انگلینڈ کو پھر ایک مرتبہ فتوحات کی سمت گامزن کرنے کیلئے وہ موزوں قائد ہیں اور ان پر بورڈ نے بھی اعتماد ظاہر کیا ہے۔ کک کیلئے بھی یہ سیریز انتہائی مایوس کن رہی جیسا کہ انہوں نے 24.60 کی اوسط سے صرف 246 رنز اسکور کئے ہیں حالانکہ گزشتہ مرتبہ جب انگلینڈ نے 2010-11 ء میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا تب انہوں نے 127.66 کی اوسط سے 766 رنز اسکور کئے تھے۔