لندن۔23 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام)ایشز سیریز2015 کھیلنے کے لئے آسٹریلیا کی ٹیم انگلینڈ پہنچ گئی ،جہاں آسٹریلیائی ہائی کمشنر کی جانب سے انہیں شاندار انداز میں خوش آمدید کہا گیا ۔آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے اس موقع پر کہا ہے کہ ٹیم میں شامل کھلاڑی اب تک ایشز سیریز نہیں جیت سکے لہذا اصل مقصد فاتح کے طور پر وطن واپس جانا ہے ۔آسٹریلیا ہاؤس لندن میں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو دئے جانے والے استقبالیہ تقریب میں کرکٹرز کے علاوہ دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی ۔آسٹریلیائی ہائی کمشنر کی جانب سے دی جانے والی تقریب میں کپتان مائیکل کلارک سب کی توجہ کا مرکز رہے۔ ہائی کمشنر الیگزینڈر ڈاونر نے کہا کہ کرکٹ میں جیت ہی سب سے اہم ہوتی ہے اور اگر مخالف انگلینڈ ہو تو جیتنا ضروری ہوجاتا ہے ۔تمام نیک خواہشات کلارک اور انکے ساتھیوں کے ساتھ ہیں۔ مائیکل کلارک کے ارادے بھی کچھ کم نہیں تھے جیسا کہ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے اب تک ایشز سیریز نہیں جیتی ،ان کی خواہش ہے کہ وہ ایشز کے فاتح کے طور پر وطن واپس جائیں ۔ یاد رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹسٹ 8 جولائی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔آسٹریلیائی ٹیم مائیکل کلارک کی قیادت میں آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ میں کامیابی کے بعد بلند حوصلوں کے ساتھ انگلینڈ پہنچی ہے اور وہ طویل سیریز میں کامیابی کے ساتھ وطن لوٹنے کی خواہاں ہیں۔