ایشز سیریز میںبھی بال ٹمپرینگ کا شبہ:کک

لندن۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور اوپنر السٹرکک نے کہا ہے کہ انہیں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی شبہ ہے کہ حالیہ ایشز سیریز کے دوران پرتھ ٹسٹ میں آسٹریلیائی ٹیم نے بال ٹیمپرنگ کی تھی۔ یا درہے کہ اس سیریز میں میزبان آسٹریلیا نے0-4 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پرتھ میں تیسرا ٹسٹ اننگز اور 41رنز سے انگلینڈ کی شکست پر ختم ہوا تھا۔کک نے کہا کہ انہوں نے خود تو کچھ نہیں دیکھا لیکن میچ کے آخری دن صبح ہونے والی بارش کے بعد میدان بھیگا ہوا تھا اور اس صورتحال میں آسٹریلیائی بولروںکی جانب سے گیند کو سوئنگ کئے جانے پر ہمیں حیرت ہو رہی تھی لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اپنی رفتار سے فائدہ اٹھا کر یہ کام کررہے ہوں اس لئے میں واضح طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ یارکشائر میں ایک تقریب کے دوران سابق کپتان نے مزید کہا کہ بعد میں میڈیا کے ذریعے یہ انکشاف ہوا کہ آسٹریلیائی نائب کپتان نے انگلش کھلاڑیوں سے گپ شپ کے دوران یہ کہا تھا کہ انہوں اس میچ میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کی تھی۔یاد رہے کہ آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ، ان کے نائب ڈیوڈ وارنر اور بیٹسمین کیمرون بینکرافٹ کو جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ سیریز کے تیسرے ٹسٹ کے دوران بال ٹمپرنگ کے جرم میں پابندی اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑا اور اب تینوں ٹیم سے باہر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میچوں کو 100 گیندوں تک محدود کرنے کی تجویز پر کک نے کہا کہ انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ٹسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی تحفظ دیا جائے۔ جو بھی کیا جائے ہمیں روایتی چار یا پانچ روزہ کرکٹ کے لئے گنجائش رکھنی ہوگی۔ سابق کپتان نے کہا کھیل کا اصل مزہ ٹسٹ اور فرسٹ کلاس مقابلوں میں ہے اور اسی سے کسی بیٹسمین اور بولر کی حقیقی صلاحیتوں کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ اس میں شک نہیں اب زیادہ پیسہ مختصر فارمیٹس میں ہے لیکن بہرحال اصل کرکٹ کو بھی برقرار رکھنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔