ایشانت شرما تیسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم سے باہر

ساؤتھمپٹن 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) لارڈز ٹسٹ میں ہندوستان کی کامیابی کے مین آف دی میچ ایشانت شرما انگلینڈ کے خلاف آج سے شروع ہوئے تیسرے ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کے ٹخنے میں زخم ہے ۔ ٹاس سے عین قبل یہ اعلان کیا گیا کہ ایشانت شرما زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں اور ان کی بجائے ٹسٹ ٹیم میں پہلی مرتبہ پنکج سنگھ کو موقع دیا گیا ہے ۔ سابق کپتان سورو گنگولی نے پنکج کو ٹسٹ کیپ حوالے کی ۔ لارڈز پر کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں ایشانت شرما نے 7 وکٹس حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ اسی وقت کپتان دھونی نے ان کے فٹنس کے تعلق سے کچھ اندیشوں کا اظہار کیا تھا ۔

تاہم تیسرے ٹسٹ سے قبل دو دن کی پریکٹس کے دوران یہ کوئی اشارہ نہیں مل سکا تھا کہ ایشانت شرما زخمی ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے ۔ انہوں نے جمعہ کو نیٹس میں بولنگ نہیں کی اور اسی وقت یہ پتہ چلا کہ وہ جسمانی مشقت کے بعد کچھ آرام کر رہے ہیں۔ ایشانت نے کل بولنگ کی تھی جبکہ آج سے ٹسٹ شروع ہوا لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ وہ پوری طرح فٹ نہیں ہیں اور وہ درمیان سے ہی واپس چلے گئے تھے ۔ ٹیم مینیجمنٹ نے اس وقت کسی طرح کے فٹنس کا مسئلہ ہونے سے انکار کیا تھا ۔ آج کی پریس کانفرنس میں بھی دھونی نے ایشانت کے تعلق سے کوئی انکشاف نہیں کیا تھا تاہم ٹاس سے عین قبل یہ پتہ چلا کہ ایشانت کے پیر میں زخم ہے اور وہ تیسرے ٹسٹ کی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔