کولمبو، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما اور تین سری لنکائی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان تیسرا ٹسٹ شروع سے ہی تناؤ کے ماحول میں کھیلا گیا اور میچ میں اکثر مواقع پر امپائر کو مداخلت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے درمیان صلح کرانی پڑی۔ اس دوران ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت نے خصوصاً کافی جارحانہ رویہ اختیار کیا اور کئی موقعوں پر سری لنکائی بولروں اور بلے بازوں سے الجھتے نظر آئے۔ واضح رہے کہ ایشانت پر دوسرے ٹسٹ میچ کے دوران بھی جارحانہ رویہ اختیار کرنے پر میچ فیس کا 65 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ پیر کو تیسرے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن لہیرو تھریمانے، دنیش چندیمل اور پیس بولر دھمیکا پرساد سے لفظی جنگ ہوئی جس پر ہندوستانی فاسٹ بولر کے ساتھ ساتھ تینوں سری لنکائی کھلاڑیوں کو بھی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا۔ آئی سی سی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اس سلسلے میں تفصیلات کا اعلان متعاقب کیا جائے گا۔