ایشانت ، پجارا آئی سی سی ٹاپ 20 میں شامل

دوبئی، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)پیس بولر ایشانت شرما ٹاپ 20 بولروں کی فہرست میں شامل ہوگئے جبکہ چتیشور پجارا کو بیٹسمینوں کی فہرست کے ٹاپ 20 میں جگہ مل گئی ، اس طرح ہندوستانی کرکٹرس کو سری لنکا میں 22 سال بعد اپنی اولین سیریز فتح کے پیش نظر تازہ آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں قابل لحاظ فائدہ حاصل ہوا ۔ پجارا آئی سی سی کی انفرادی درجہ بندی میں ٹاپ 20بیٹسمینوں میں پہلی بار شامل ہوئے ہیں جبکہ انھوں نے فیصلہ کن کولمبو ٹسٹ میں شاندار سنچری بنائی ، جسے ہندوستان نے 117 رنز سے جیت کر سیریز میں 2-1 کی کامیابی درج کرائی ۔ روہت شرما بھی دو مقام آگے بڑھ کر 48 پر پہونچ گئے جبکہ روی چندرن اشون پانچ مقامات کے فائدے کے ساتھ اب 50 ویں مقام پر ہیں۔ سری لنکا والوں کو زیادہ تر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔

 

ہندوستان طاقتور باکسنگ اقوام میں شامل
بنکاک، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کا باکسنگ ایڈمنسٹریشن بھلے ہی ہلچل سے دوچار ہے لیکن صدر انٹرنیشنل باکسنگ اسوسی ایشن (آئبا ) ڈاکٹر چینگ کو ووکا کہنا ہے کہ یہ ملک ہنوز ایشیا کے بہترین اقوام میں شامل ہے اور اسے سیمی پروفیشنل ورلڈ سیریز آف باکسنگ ( ڈبلیو ایس بی ) میں واپس لانے کی کوشش کی جائے گی ۔ ڈاکٹر وو نے یہاں جاری ایشین چمپئن شپس کے موقع پر کہا کہ اس براعظم میں طاقتور اور روایتی باکسنگ اقوام ہیں، میں کم از کم قازقستان ، ازبیکستان ، چین ، تھائی لینڈ ، ہندوستان اور منگولیا کا ذکر کرنا چاہوں گا ۔ تین ہندوستانی باکسروں نے جاریہ ایونٹ کے سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کی ہے ، جو دوحہ میں منعقد شدنی ورلڈ چمپئن شپ کیلئے کوالیفائر ایونٹ ہے ۔ اتفاق سے یہ آئندہ سال کے ریوو اولمپکس کیلئے پہلا کوالیفائنگ ایونٹ ہے ۔