’’حقیقی مسلمان نہیں‘‘ : ابو عاصم اعظمی
سنت کبیر نگر۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی لیڈر ابو عاصم اعظمی نے آج ایک متنازعہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مسلمان جو ان کی پارٹی کو ووٹ نہیں دیتے، وہ ’’حقیقی مسلمان‘‘ نہیں ہیں۔ انہوں نے خلیل آباد میں سماج وادی پارٹی امیدوار بھلچندرا یادو کی تائید میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان جو سماج وادی پارٹی کیلئے ووٹ نہیں دیتا اور اس پارٹی کے خلاف بات کرتا ہو، وہ حقیقت میں مسلمان نہیں ہے۔ اس کا ڈی این اے ٹسٹ کروانا چاہئے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ آیا اس کا تعلق آر ایس ایس سے تو نہیں۔ وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ایسا شخص حقیقی مسلمان نہیں ہوسکتا۔
انتخابی مہم چلانے مختار انصاری کی پیرول پررہائی
نئی دہلی یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام )اتر پردیش کے لیجسلیٹر مختار انصاری جو مہاراشٹرا کے منظم جرائم انسداد قانون کے تحت ایک کیس کا سامنا کررہے ہیں، دہلی عدالت نے 10 دن کی پیرول کی اجازت دیدی ہے تا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں مہم چلا سکیں۔ ایڈیشنل سیشن جج سویتا راؤ نے مختار انصاری کو تحویل میں پیرول منظور کی ہے جو اتر پردیش کے گھوشی لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔قومی یکتا دل کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے مختار انصاری نے اپنی رہائی کی اپیل کی تھی۔ گھوشی میں 12 مئی کو رائے دہی مقرر ہے۔ 2005 میں ان پر بی جے پی ایم ایل اے کے قتل کا کیس درج کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت مووا لوک سبھا حلقہ سے نمائندگی کررہے ہیں۔