ناگپور 3 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی کی جانب سے بہار میں عظیم اتحاد سے دستبرداری کے بعد کانگریس لیڈر راج ببر نے آج انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملائم سنگھ یادو لمحہ آخر میں کھیل بگاڑنے کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ راج ببر نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی کا یہ ریکارڈ رہا ہے کہ وہ بحران کے وقت کچھ نہ کچھ کرتی ہے ۔ لمحہ آخر میں دوسروں کو دھوکہ دینے کیلئے وہ کوئی نہ کوئی بہانہ اور عذر پیش کرتی ہے اور بالآخر بی جے پی کو فائدہ پہونچاتی ہے ۔ یہی صورتحال اب بہار میں بھی ہے ۔ سماجوادی پارٹی نے آج بہار میں عظیم اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کیا اور کہا کہ نشستوں کی تقسیم پر اس سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی ہے اور اس رویہ سے اس کی ہتک ہوئی ہے ۔ پارٹی نے بہار میں اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ عظیم اتحاد بہار میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے سے مقابلہ کیلئے قائم ہوا تھا ۔ راج ببر نے کہا کہ نتیش ۔ لالو ۔ سونیا اتحاد سے دوری اختیار کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی نہ صرف یہ کہ اس اتحاد سے دور ہوگی بلکہ وہ بی جے پی سے قربت بڑھائیگی ۔ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو مخالف کسان قرار دیتے ہوئے راج ببر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے حصول اراضیات پر جو موقف بدلا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا سابقہ موقف عوام مخالف تھا ۔ اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے حکومت کے پاس اس پر موقف بدلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہ گیا تھا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ حکومت کے موقف میں تبدیلی سے اس مسئلہ پر کانگریس کا موقف درست ثابت ہوگیا ۔