ایس بی ایچ آل انڈیا فٹبال ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں داخل

حیدرآباد ۔ 31 مئی ۔ ( ای میل ) اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد کی فٹبال ٹیم نے ایچ اے ایل سونا بڈ اڈیشہ کو 2-1 سے شکست دے کر آل انڈیا فٹبال ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ مقابلے کے آغاز پر ایچ اے ایل نے ساتویں منٹ میں ہی گول بناتے ہوئے سبقت حاصل کرلی تھی لیکن 36 ویں منٹ میں عبدالرحمن نے ایس بی ایچ کیلئے گول بناتے ہوئے مقابلے کو مساوی موقف میں لاکھڑا کیا جس کے بعد 42 ویں منٹ میں ذکی رضا نے ایک شاندار ہیڈر کے ذریعہ گول بناتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کیا۔ ایچ اے ایل نے ایس بی ایچ کے ڈیفنس پر کافی دباؤ بنایا لیکن فاتح ٹیم کے کپتان علی خان نے انتہائی متاثر کن گول کیپنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو خطرناک حملوں کو ناکام کیا، ان میں ایک تو اُس موقع پر ان کی بہتر کارکردگی رہی جس کی بدولت ایس بی ایچ سیمی فائنل میں پہنچ پائی ہے ۔ قبل ازیں بلاس پور ریلوے نے یونائیٹیڈ کلب کولکتہ کو 1-0 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ۔

 

شمندا ایرنگا کا بولنگ ایکشن مشکوک
دبئی۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے سری لنکا کے فاسٹ بولر شمندا ایرنگا کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا۔انگلینڈ کیخلاف ٹسٹ سیریز میں سری لنکا کی مشکلات کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ فاسٹ بولر دھمیکا پرساد اوردشمانتھا چمیرا زخمی ہو کر پہلے ہی سیریز سے باہر ہوچکے۔ سری لنکائی ٹیم تین میچوں کی سیریز پہلے ہی 2-0  سے ہار چکی ہے اور اب چیسٹرلی اسٹریٹ کے دوسرے ٹسٹ میں آئی سی سی نے شمندا ایرنگا کا ایکشن مشکوک قرار دے دیا ہے۔قوانین کے مطابق شمندا ایرنگا کو 14 دن کے اندر بولنگ کا دوبارہ معائنہ کروانا ہو گا۔ تاہم اس دوران شمندا ایرنگا کو بین الاقوامی مقابلوں میں بولنگ کی اجازت ہو گی۔