ایس بی آئی سیونگ اکاؤنٹس میں شرح سود پر نصف فیصد کمی

نئی دہلی، 31 جولائی (یواین آئی) ملک کے سب سے بڑے تجارتی بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے اپنے اکاؤنٹ ہولڈروں کو جھٹکا دیتے ہوئے بچت کھاتے میں ایک کروڑ روپے سے کم کی رقم پر سود کی شرح آدھی فیصد کم کرکے ساڑھے تین فیصد کر دی ہے ۔بینک نے آج کہا کہ ایک کروڑ روپے سے اوپر کی ڈپازٹ پر چار فیصد سود کی شرح برقرار رہے گی۔یہ کمی آج سے نافذ ہو گئی ہے ۔ ایس بی آئی نے کہا ہے کہ نئے نظام کے تحت بچت کھاتوں میں ایک کروڑ روپے تک کی جمع رقم پر چار فیصد کی جگہ ساڑھے تین فیصد سود ملے گا۔بینک نے کہا ہے کہ اس کی دو سطحی بچت کھاتے کی شرح سود آج سے نافذ ہو گئی ہے ۔ ایس بی آئی کے مطابق اس نے ایم سی ایل آر کو برقرار رکھنے کے لئے سود کی شرح میں یہ تبدیلی کی ہے ۔