بنگلورو ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق چیف منسٹر کرناٹک اور سینئیر کانگریس لیڈر ایس ایم کرشنا نے پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ 84 سالہ ایس ایم کرشنا نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فیصلہ سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کل پریس کانفرنس طلب کی ہے جس میں توقع ہے کہ تمام تفصیلات اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ ایس ایم کرشنا 1999 تا 2004 ریاستی چیف منسٹر اور سابق گورنر مہاراشٹرا رہ چکے ہیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ جس پارٹی سے وہ پانچ دہوں سے وابستہ رہے وہاں نظر انداز کیے جانے سے وہ ناراض تھے ۔۔
مودی کے ریڈیو پروگرام من کی بات کے آئندہ نشریہ کو الیکشن کمیشن کی منظوری
نئی دہلی ۔ /28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ من کی بات ‘‘ کے آئندہ سلسلہ کو منظوری دیدی جو کل نشر کیا جائے گا ۔ اس باضابطہ ماہانہ ریڈیو پروگرام کی الیکشن کمیشن سے منظوری کیلئے حکومت رجوع ہوئی تھی کیونکہ اترپردیش ، اتراکھنڈ ، پنجاب ، گوا اور منی پور میں /4 فبروری تا /8 مارچ منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پانچ ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ من کی بات کے پروگرام میں اس ماہ دسویں اور بارہویں جماعتوں کے بورڈ امتحانات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلہ کے تحت /8 مارچ کو رائے دہی کے دوسرے دن /8 مارچ سے یہ امتحانات شروع ہوں گے ۔