نارائن پیٹ۔/27 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس ایس سی طلباء کے نتائج کو بہتر بنانے کے مقصد سے نارائن پیٹ میں ڈیویژن کی سطح کے طلباء کیلئے Impact پروگرام کا آغاز عمل میں لایا گیا ۔ اس پروگرام کا افتتاح مسٹر وینوگوپال آر ڈی او نارائن پیٹ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ مسٹر وینو گوپال آر ڈی او نے طلباء سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس سی اعلیٰ تعلیم کی پہلی سیڑھی ہے، بہتر نتائج کے حصول کیلئے طلباء سخت محنت کریں اور اس امپاکٹ کیمپ میں اساتذہ کی خدمات سے استفادہ کرکے اچھے رینک حاصل کریں۔ اس امپاکٹ پروگرام کے منتظم مسٹر وحید نثار ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے بتایا کہ ہر اسکول کے 5ٹاپر طلباء کو منتخب کرکے یہاں پر خصوصی تربیت دیتے ہوئے سرکاری مدارس کے طلباء کیلئے اعلیٰ نشانات اور اچھے گریڈنگ کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کیمپ میں مسٹر وحید نثار ڈپٹی ڈی ای او نے کہا کہ طلباء ریاستی سطح کا رینک حاصل کرکے ضلع اور اسکول اساتذہ اور اپنے والدین کا نام روشن کریں۔ اس کیمپ میں جملہ 90 طلباء شرکت کررہے ہیں۔ عوامی عطیات کے ذریعہ اس کے اخراجات کی پابجائی کی جارہی ہے۔ افتتاحی تقریب میں کرشنا بھگوان صدر مدرس، غلام رسول تاج گزیٹیڈ صدر مدرس، عبدالواحد ہزاری، رؤف حسام الدین، سری کانت نے بھی شرکت کی۔