ایس ایس سی کامیاب طلباء کیلئے اہلیتی امتحان

کاغذ نگر ۔ 14 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد سہیل ضلع سوپروائزر حیدرآباد زکوۃ اینڈ چیاریٹیل ٹرسٹ کی اطلاع کے بموجب ضلع عادل آباد میں حیدرآباد زکوۃ اینڈ چیاریٹیبل ٹرسٹ کے زیراہتمام کاغذ نگر کے انور اُردو ہائی اسکول، منچریال کے مسلم مائناریٹی فنکشن ہال میں 20 اپریل کو ایس ایس سی میں امتیازی نشانات حاصل کرنے والے غریب طلباء کے لئے اہلیتی امتحان کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ ایسے طلباء جن کے والدین کی تنخواہ 8 ہزار روپئے سے کم ہو، اس اہلیتی امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اہلیتی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر حیدرآباد زکوۃ اینڈ چیاریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے وقارآباد میں انٹرمیڈیٹ سال اول میں HIE حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ایکسیلنس میں داخلہ دیا جائے گا۔ عام زمرہ کے طلباء کی فیس داخلہ 2 لاکھ روپئے مقرر ہے لیکن اہلیتی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر صرف 20 ہزار روپئے سالانہ فیس مقرر کی گئی ہے اور یتیم طلباء کیلئے صرف 15 ہزار روپئے رعایتی فیس لی جائے گی۔ وقارآباد کے ادارہ (HIE) میں ایم پی سی، بی پی سی، ایم ای سی اور سی ای سی کورس صرف لڑکوں کے لئے موجود ہیں۔ اہلیتی امتحان کا صبح 10 بجے آغاز ہوگا۔ اہلیتی امتحان میں شرکت کے خواہشمند طلباء ایس ایس سی امتحان کے ہال ٹکٹ کی دو عدد زیراکس اور ایک عدد فوٹو کے ساتھ امتحان سے آدھا گھنٹہ قبل مرکز پر حاضر رہیں یا جناب محمد سہیل کو سیل نمبر 9866556889 پر بھی اپنا نام رجسٹر واسکتے ہیں۔