ایس ایس سی تلگو زبان میں کامیابی کے لئے 20 نشانات کے لزوم کا خیرمقدم

نظام آباد /30 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی کا سالانہ امتحان 2014-15ء جدید نصاب کے تحت ہوگا۔ ریاستی حکومت نے پرچہ دوم تلگو زبان میں کامیابی کے لئے 35 نشانات کو لازمی قرار دیا تھا۔ اس دوران ٹیچرس تنظیم پی آر ٹی یو کے قائدین خواجہ معین الدین، سید احمد بخاری، عارف الدین، اسرار احمد اور افضل بیگ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے کئی اسکولس میں مضمون واری ٹیچرس کی شدید کمی ہے اور خصوصاً مضمون تلگو کی تدریس کے لئے مستقل ٹیچرس موجود نہیں ہیں، اس لئے ایس ایس سی اردو میڈیم کے نتائج انتہائی مایوس کن برآمد ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں زبان دوم تلگو میں کامیابی کے لئے 35 نشانات حاصل کرنا طلبہ کے لئے انتہائی دشوار تھا، تاہم ریاستی حکومت نے کامیابی کے لئے سابق نشانات 20 کو بحال کرتے ہوئے ایک حکم نامہ جی او ایم ایس نمبر 10 مؤرخہ 26 ستمبر 2014ء جاری کردیا ہے، جس کا خیر مقدم کرتے ہوئے ٹیچرس تنظیم پی آر ٹی یو قائدین نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔