ایس ایس سی امتحانات میں انسداد نقل نویسی کے اقدامات

جرم کے ارتکاب پر سخت کارروائی
امتحانی مراکز میں سی سی کیمروں کی تنصیب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : طلبہ امتحانات میں نقل نویسی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر نہ صرف انہیں ڈی بار کیا جائے گا بلکہ نقل نویسی کے جرم میں جیل کی سزا بھی ہوسکتی ہے کیوں کہ امسال سے ایس ایس سی امتحانات میں نقل نویسی ، امتحانی پرچوں کا افشاء یا امتحانات سے متعلق دیگر جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف کریمنل کیس درج کئے جائیں گے ۔ نقل نویسی کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لاتے ہوئے دو سال سے امتحانات منعقد کئے جارہے ہیں ۔ 200 مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ درحقیقت امتحانات میں دھاندلیوں کو روکنے کے لیے 1997 میں متحدہ آندھرا پردیش حکومت نے 25 آف 1997 قانون نافذ کیا تھا ۔ ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ اس قانون پر عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے طلبہ اور اولیائے طلباء میں اس قانون سے متعلق واضح طور پر شعور بیدار کیا جائے ۔ محکمہ اسکولی تعلیم ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل آوری کے سلسلہ میں اس قانون کے متعلق آگہی پیدا کرنے کے لیے پروگرامس ترتیب دے رہا ہے ۔ واضح رہے کہ ریاستی سطح پر 15 مارچ سے ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ہونے والا ہے اور ان امتحانات میں کم و بیش 5.60 لاکھ طلبہ شرکت کرنے والے ہیں ۔ اور جملہ 2,500 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔۔