ایس آر نگر میں خاتون کے قتل کیس کا ملزم گرفتار

ڈی سی پی ویسٹ زون ستیہ نارائن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) ایس آر نگر پولیس نے خاتون کے سنسنی خیز قتل کیس کو حل کرتے ہوئے ایک چوکیدار کو گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ 5 مئی کے دن مدھورا نگر کے علاقہ میں ایک ضعیف خاتون کا بے رحمانہ انداز میں گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا تھا ۔ آج ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائن نے پریس کانفرنس کے دوران قاتل کو میڈیا کے روبرو پیش کیا اور بتایا کہ 5 مئی کے دن درگاماں نامی خاتون کا قتل کردیا گیا تھا اور اس کی نعش کو اپارٹمنٹ میں پھینک دیا گیا تھا ۔ پولیس نے اندرون 24 گھنٹے اس قتل کیس کو حل کرلیا اور قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ 32 سالہ سنیاس راؤ جو چوکیدار تھا اسے گرفتار کرلیا گیا اور اس کے قبضہ سے 12 تولہ طلائی زیورات کو ضبط کرلیا گیا ۔ خاتون اے پی ایس ای بی محکمہ میں ملازمہ تھی ۔ جو گذشتہ چند ماہ قبل اس اپارٹمنٹ میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ قتل ہوئی تھی ۔ خاتون کو تنہا دیکھ کر چوکیدار سنیاس راؤ نے اس کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا ۔

سنیاس راؤ گذشتہ 10 سال سے اس اپارٹمنٹ میں ملازمت کر رہا تھا ۔ جس کا تاحال کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا تاہم لالچ اورمالی پریشانیوں کے سبب آسان انداز میں رقم بٹورنے کی فکر اس نے خاتون کا قتل کردیا اور خود اسکے بیٹے کے ہمراہ پولیس میں شکایت کی ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ جب رات میں یہ خاتون اپارٹمنٹ پہونچی تو اس چوکیدار نے پہلی منزل پر واقع اس کے فلیٹ کے بجائے اسے تیسری منزل کے فلیٹ میں لے گیا جو خالی تھا اور اس کی چابیاں چوکیدار کے پاس تھیں ۔ اس نے ضعیف خاتون کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا اور نعش کو اسی فلیٹ میں رکھا اور دوسرے دن خود سنیاس راؤ نے اس خاتون کی نعش کو فلیٹ سے نکال کر پارکنگ میں ڈال دیا اور اس خاتون کے بیٹے کو اطلاع دی پولیس نے چوکیدار پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور اندرون 24 گھنٹے کیس کو حل کرلیا ۔ اس موقع پر دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے ۔