نظام آباد ۔6 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ایسیڈ سے حملہ کرنے والے شخص کو تین سال بامشقت سزا سناتے ہوئے سیشن کورٹ جج ایم ہری ناتھ نے فیصلہ سنایا۔پبلک پراسیکوٹر رتناکر ریڈی کی تفصیلات کے بموجب شہر کے قلعہ روڈ سے تعلق رکھنے والے شیخ معز کی شادی پامولہ بستی کی فردوس سے طئے ہوئی تھی اور 12 ؍ اپریل 2013 ء کے روز شادی طئے تھی لیکن فردوس کے بہنوائی خلیل کی نظر اپنی سالی فردوس پر تھی اور سالی سے شادی کرنا چاہتا تھا اور شادی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی اور نہ ہونے پر معز کو ہلاک کرنے کا منصوبہ بناتے ہوئے 11 اپریل 2013ء کے روز معز کے مکان کے روبرو واقع الیکٹریکل پول سے گیٹ کو برقی تار سے جوڑ دیا ۔ 11؍ اپریل کے روز معز کے والد شیخ حسین گیٹ کھولتے ہی شاک لگنے سے زخمی ہوگئے اور خلیل کی کوشش ناکام ہوگئی جس پر اس نے اسی روز شام میں معز پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ ریلوے اسٹیشن کے روبرو معز پھول کی دکان میں پھول خریدرہا تھا اس اپنے ساتھیوں کے ہمراہ معز کے چہرے پر ایسیڈ ڈال دیا اور شدید زخمی حالت میں اسے دواخانہ منتقل کیا گیا تھا ۔ معز کے والد کی شکایت پر خلیل پر مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے خلیل کو تحویل میں لیکر پوچھ تاچھ کرنے پر تفصیلات کا انکشاف کیا گواہ اور ثبوت ثابت ہونے پر فاضل جج نے خلیل کو تین سال بامشقت سزاء کے علاوہ پانچ ہزار روپئے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ سنایا ۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید ایک سال کی سزاء بھگتنا پڑیگا۔ اس کیس کی پیروی پبلک پراسیکوٹر رتناکرریڈی نے کی تھی ۔