ایسٹ بنگال کا آج اسپورٹنگ گوا سے مقابلہ

کولکتہ ۔ 20 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) آئی لیگ فٹبال ٹورنمنٹ کے دوسرے مرحلہ میں کل ہفتہ کو مضبوط ٹیم ایسٹ بنگال کا مقابلہ آخری مقام کی حامل اسپورٹنگ گوا فٹبال ٹیم سے ہوگا ۔ارتب مونڈال ، سومک ڈے ، کیوین لوبو اور لال انڈیکا رالٹے کی قومی کھیل سے واپسی کے علاوہ ایسٹ بنگال کے دوبارہ فٹ ہونے والے کپتان ہرمن جیوت سنگھ کھابرا کی خدمات بھی حاصل ہوگئی ہیں۔ گوا کی ٹیم کو موہن بگان کے سابق فارورڈ اوڈافا اوکولائی کے علاوہ شام کے مڈفیلڈر محمود الامنہ کی شمولیت سے ایک نئی طاقت حاصل ہوگی ۔

زخموں سے دوچار سلگاؤکر ٹیم کا آج بنگلورو سے مقابلہ
مڑگاؤں ۔ 20 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) زخموں سے دوچار سلگاؤکر فٹبال ٹیم کو نہرو اسٹیڈیم پر کل ہفتہ کو کھیلے جانے والے آئی لیگ کے ایک میچ میں دفاعی چمپیئنس بنگلورو فٹبال کلب سے سخت مقابلہ درپیش ہے ۔ سلگاؤکر ٹیم یہ توقع کررہی ہے ان کے دو زخمی کھلاڑی ڈیرل ڈفی اور سرن سنگھ 17 دن کے آرام کے بعد فٹ ہوجائیں گے ۔ لیکن ان کی مصیبتوں میں مزید اضافہ ہوگیا جب ٹیم میں شامل پون کمار ، برین ماسکرنہاس اور روزاریو مینڈیس سب کے سب زخمی ہیں۔ ڈیرل ڈفی ابھی پوری طرح فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔