ایسٹرو ٹرف پچس ہندوستانی ہاکی کیلئے فائدہ بخش : بلبیر سنگھ سینئر کا تاثر

نئی دہلی 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے افسانوی ہاکی کھلاڑی بلبیر سنگھ سینئر نے کہا ہے کہ ٹیم کی وقتا فوقتا ناکامیوں کیلئے ایسٹرو ٹرف پچ کو ذمہ دار قرار دینا درست نہیں ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کا استدلال صرف ناقص مظاہرہ کو چھپانے کی کوشش ہوگی کیونکہ ان کے خیال میں ایسٹرو ٹرف پچس ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے ۔ اکثر و بیشتر ٹیم کی ناکامیوں کیلئے ایسٹرو ٹرف پچس کو ذمہ دار قرار دینے کا رجحان عام ہوتا جارہا ہے ۔ بلبیر سنگھ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ اس خیال سے اتفاق نہیں کرتے کہ ہندوستان اور پاکستان کو ورلڈ ہاکی میں صرف اس لئے اپنے مقام سے محروم ہونا پڑا ہے کیونکہ ایسٹرو ٹرف پچس بچھائی جا رہی ہیں۔ دونوں ٹیمیں حالانکہ ابتداء میں اس پر بہت کامیاب رہی تھیں۔ بلبیر نے کہا کہ یہ استدلال ناقص مظاہرہ کو چھپانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ہے ۔

انہو ںنے کہا کہ ان کا خیال تو یہ ہے کہ ایسٹرو ٹرف کی پچس دونوں ٹیموں کیلئے سازگار ثابت ہوتی ہے ۔ 90 سالہ بلبیر سنگھ سینئر نے کہا کہ جو تبدیلیاں کھیل میں لائی گئی ہیں وہ کھیل کی بہتری کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وقتوں میں گیند پر کنٹرول کرنا بہت مشکل تھا اور ایک مسئلہ تھا ۔ حالات اس وقت بہت مشکل تھے کیونکہ گھاس کے میدانوں پر میچ کھیلا جاتا تھا ۔ اب میدان انتہائی مسطح ہوتا ہے اور گیند از خود آجاتی ہے ۔ ایسے میں گیند پر کنٹرول کرنا بہت آسان ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کھیل کی رفتار بھی بہت زیادہ ہوگئی ہے کیونکہ اس میں رکاوٹیں بہت کم ہوگئی ہیں۔ ریفریز کسی مرحلہ پر بھی کھیل کو جاری رکھنے کی ہدایت دے سکتے ہیں اور کھیل میں تیزی برقرار رہتی ہے ۔ لوگ تیز رفتار اور مسلسل کھیل دیکھنا چاہتے ہیں ایسے میں یہ کھیل کیلئے اچھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ایک منصفانہ کھیل ہے ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے حالات بہت اچھے ہیں اور اگر کھلاڑیوں میں صلاحیت ہوتی ہے تو وہ اپوزیشن کے دو تا تین ڈیفینڈرس کو مات دیتے ہوئے آگے بڑھنے اور پھر گول شوٹ کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ یہ اچھی صورتحال ہے جس سے ہندوستانی کھلاڑی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

ٹیبل ٹینس ‘ ہندوستان کے ہرمیت دیسائی کو قطر میں شکست
نئی دہلی 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے ہرمیت دیسائی کو ورلڈ ٹور ٹیبل ٹینس قطر اوپن میں فرانس کے ٹرسٹان فلور کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ٹرسٹان فلور نے دیسائی کے خلاف لگاتار سیٹوں میں 11 – 9, 11- 5, 11-8, 11 – 4 سے خطابی مقابلہ میں کل کامیابی حاصل کرلی ۔ دیسائی ٹورنمنٹ میں مسلسل اچھا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک پہونچے تھے تاہم وہ فائنل میں اپنے مظاہرہ کو دہرانے میں کامیاب نہیں ہوئے ۔ ان کا فرانسیسی کھلاڑی سے اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ سامنا ہوا تھا ۔