حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز) خانگی ایرلائینس کے ایرہوسٹس سے دست درازی اور اس کے موبائیل فون چھین لینے میں ملوث کیاب ڈرائیور مرزا احمد بیگ کو اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) اور راجیندر نگر پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد مسٹر سن پریت سنگھ نے بتایا کہ 25 سالہ کیاب ڈرائیور مرزا احمد بیگ عرف عمران ساکن قسمت پور راجندر نگر 30 اگست کو رات دیر گئے ایکسپریس وے کے پلر نمبر 216 ڈائری فارم چوراہے کے قریب اپنے فلیٹ سے روانہ ہونے والی خانگی ایرلائینس کے ایرہوسٹس کو لفٹ دینے کے بہانے شمس آباد سے حمایت ساگر کشن گوڑہ علاقے منتقل کیا جہاں پر اس نے اس کی تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دست درازی کی کوشش کی تھی۔ راجیندر نگر پولیس نے ایرہوسٹس کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے کیاب ڈرائیور کی تلاش شروع کردی تھی اور 5 خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس کی گاڑی کی نشاندہی AP09X2865 کرتے ہوئے اسے فوری گرفتار کرلیا ۔