جمائیکا۔28اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) 23سالہ نوجوان نے محض 21گیندوں میں سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹوئنٹی 20تاریخ کی نہ صرف تیز ترین سنچری اسکور کردی بلکہ آئی پی ایل 2013ء میں ویسٹ انڈیز کے اوپنر کریس گیل کی جانب سے بنائی جانے والی 30گیندوں میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ۔ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے بیٹسمین ایرک تھامس نے ماسن ہال کی نمائندگی کرتے ہوئے 21گیندوں میں نہ صرف سنچری اسکور کی بلکہ 31گیندوں میںناقابل تسخیر 131رنز اسکور کئے جس کی بدولت ان کی ٹیم نے مطلوبہ 152رنز کا نشانہ محض 8اوورس میں حاصل کرلیا ۔ اس مقابلہ سے قبل ایرک نے ایک اورمقابلہ میں 53گیندوں میں 97رنز اسکور کئے تھے ۔ یاد رہے گیل نے آئی پی ایل کے میچ کے دوران چناسوامی اسٹیڈیم میں پونے واریئرس کے خلاف ناقابل تسخیر 175رنز کی اننگز کھیلی تھی جس میں تیز ترین سنچری 30گیندوں میں بنائی گئی تھی ۔اس ریکارڈ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے تھامس نے کہا کہ مجھے ٹوئنٹی 20کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کرنے پر خوشی ہورہی ہے کیونکہ میں ایک عرصہ سے کرکٹ کھیل رہا ہوں اور میری پہلی سنچری ٹوئنٹی 20کرکٹ میں بنی ہے۔