ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر مذاکرات تعطل کا شکار

دبئی۔13 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان تہران کے متنازعۃ جوہری پروگرام پر فریقین میں حتمی سمجھوتے کیلئے جاری مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکارہونے کی اطلاعات ہیں۔ غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مذاکرات معطل ہونے کے بعد حتمی معاہدے کیلئے طے شدہ ڈیڈ لائن میں مزید توسیع کا امکان ہے۔روسی خبر رساں ادارے ’’ایتارتاس‘‘نے ایک سفارتی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ چھ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری تنازعہ پر جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلئے مقرر کردہ ڈیڈ لائن میں ایک بار پھر توسیع کی جا سکتی ہے۔ذرائع نے کہا کہ کل ویانا میں ہونے والے مذاکرات میں کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ عملا مذاکرات کا سلسلہ معطل ہے جس کے باعث ڈیڈ لائن خطرے میں ہے۔ تاہم امکان ہے کہ فریقین بات چیت کا عمل آگے بڑھانے کیلئے ڈیڈ لائن میں توسیع پر متفق ہوسکتے ہیں۔ادھر مذاکرات میں شامل روسی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ سرگئی ریابکوف نے ایران اور مغرب میں مذاکرات میں تعطل پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کا ’’ٹال مٹول نہایت تشویشناک‘‘ہے۔