ایران کے خلاف آج ارجنٹینا کے کپتان میسی توجہ کا مرکز

بیلوہاریزونیٹ (برازیل) ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفاورلڈ کپ 2014ء میں کل گروپ ایف کا مقابلہ ایران اور خطاب کی دعویدار ارجنٹینا کے درمیان یہاں کھیلا جارہا ہے اور اس مقابلہ میں ایران کے خلاف ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی توجہ کا مرکز ہوں گے جنہوں نے گذشتہ مقابلہ میں 8 برس کے بعد ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا گول کیا ہے۔ امید کی جارہی ہیکہ اسٹرائیکر گونزالو ہیگوئن کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ ارجنٹینا نے رواں ورلڈ کپ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے اپنے گروپ کے افتتاحی مقابلہ میں اتوار کو بوسینیا اور ہرزیگووانیا کے خلاف 2-1 کی کامیابی حاصل کی جس میں مقابلہ کے دوسرے مرحلہ میں میسی کا ورلڈ کپ گول بھی شامل ہے۔ ایران کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ کے ضمن میں پراعتماد دکھائی دینے والے میسی نے کہا کہ وہ گنزالو اور سرجیو ایگورو کے ساتھ اٹیک میں کھیلنے کیلئے کافی آرام دہ محسوس کررہے ہیں

کیونکہ یہ تمام کھلاڑی ایک ٹیم اور ملک ارجنٹینا کیلئے کھیل رہے ہیں۔ میسی کا کہنا ہیکہ جب ایک سے زائد اٹیکنگ کھلاڑی موجود ہوتے ہیں تو حریف ٹیم پر زیادہ سے زیادہ حملے کرنے کے علاوہ کھلاڑیوں پر گول کرنے کا جو دباؤ ہوتا ہے وہ بھی تقسیم ہوجاتا ہے۔ دوسری جانب ایران کے اسٹرائیکر رضا سمجھتے ہیں کہ اس طرح گروپ کے پہلے مقابلہ میں افریقی چمپیئن نائجیریا کے خلاف ایران نے مقابلہ 0-0سے برابر کیا تھا اسی طرح ارجنٹینا کے خلاف بھی ان کی ٹیم اپنے کھیل میں لچک پیدا کرے گی۔ رضا نے مزید کہا کہ ارجنٹینا چونکہ خطاب کے دعویداروں میں شامل ہیں لہٰذا کامیابی کیلئے اس پر شدید دباؤ رہے گا اور ایران اسی دباؤ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔