ایران کی ویمن فٹبال ٹیم میں ’مرد‘ شامل!

لندن ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی خواتین فٹبال ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں آٹھ ’مرد‘ کھلاڑیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جنہوں نے ابھی تک اپنی جنس تبدیل نہیں کروائی۔ ایک برطانوی جریدے نے ایرانی عہدہ دار کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایران کی نیشنل ویمن فٹبال ٹیم پر آٹھ مردوں کو کھلانے کا الزام ہے۔ ایرانی لیگ کے ایک عہدہ دار نے ایرانی ویب سائٹ کو بتایا کہ ویمن ٹیم کے ساتھ کھیلنے والے آٹھ کھلاڑی جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بغیر ہی کھیل رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے پورے نیشنل ٹیم کے اسکواڈ سمیت لیگ کے صف اول کے کھلاڑیوں کی جنس کی جانچ کا حکم دیا ہے۔ تاہم جن کھلاڑیوں پر مرد ہونے کا شبہ ہے ان کے نام ظاہر نہیں کئے گئے۔
روسی کرجاکین نئے چیس ورلڈ چمپئن
باکو (آذربائجان) ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کم عمر ترین گرانڈ ماسٹر روس کے سرگی کرجاکین نے ورلڈ چیس چمپئن شپ جیت لی جس کیلئے انھوں نے ہم وطن پیٹر سوِڈلر کو 6-4 سے سنسنی خیز فائنل میں مات دی، جو آج یہاں اختتام پذیر ہوا۔ کرجاکین اور سوڈلر اس کے ساتھ پانچ مرتبہ کے ورلڈ چمپئن ہندوستان کے وشواناتھن آنند، بلغاریہ کے ویزلین ٹوپالوف اور امریکی جوڑی فابیانو کاروانا اور ہیکارو ناکامورا کے ساتھ کینڈیڈیٹس ٹورنمنٹ کیلئے قطار میں شامل ہوگئے ہیں جس سے آئندہ ورلڈ چمپئن شپ میں ناروے کے میگنس کارلسن کیلئے چیلنجر کا فیصلہ ہوگا۔