ایران نے امریکی پابندیاں توڑنے کی ٹھان لی ہے : ۔ ایرانی صدر حسن روحانی 

تہران : ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ وہ امریکہ کی جانب سے دوبارہ عائد کی گئی اقتصادی پابندیوں کو توڑیں گے ۔ٹرمپ انتظامیہ نے کہا کہ 2015ء میں جوہری معاہدہ کے تحت ایران کے خلاف جو پابندیاں ہٹائی گئی تھیں انہیں دوبارہ لاگو کیا جارہا ہے ۔ان پابندیوں میں ایران میں تیل کی صنعت اور بنک شعبہ بھی شامل ہیں ۔ تاہم ایرانی صدر نے کہا کہ ایران تیل کی فروخت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم فخر سے یہ پابندیاں توڑیں گے ۔ حسن روحانی نے کہا کہ وہ یوروپی ممالک جو ابھی بھی جوہری معاہدہ کا حصہ ہیں کہہ چکے ہیں کہ وہ ایرانی کاروباروں کے پابندیوں کے باوجود کام جاری رکھنے میں مدد کریں گے تاہم اب یہ واضح نہیں کہ ایسا کس حد تک ممکن ہوسکے گا ۔

اس سے قبل ایران میں وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ ایران اپنے اقتصادی معاملات چلانے کی صلاحیت او رعلم رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس طرح کے اقدامات سے کبھی اپنے سیاسی مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا ۔ ایران میں اس حوالے سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں ۔ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے ٹوئیٹر پر کہا کہ امریکی فیصلہ اس کے اپنے مقام اورلبرل جمہوریت کیلئے باعت ذلت ہے ۔

امریکی محکمہ خزانہ کے سکریٹری نے کہا کہ بین الاقوامی ادائیگیوں کا نیٹ ورک سوفٹ بھی ایران سے تعلق ختم کردے گا ۔ اس صورت میں ایران بین الاقوامی مالیاتی نظام سے مکمل طور پر کٹ جائے گا ۔