تہران ۔ 18 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ طئے کرنے کا پابند عہد ہے لیکن وہ کسی قیمت پر ایسی کسی معاملت پر دستخط نہیں کرے گا جو اُس کے واجبی حقوق کے مغائر ہو، اس کے مذاکرات کاروں نے آج یہ بات کہی جبکہ تہران کیلئے قطعی مہلت کی گھڑی قریب ہوتی جارہی ہے ۔ ایران اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان نیز جرمنی (المعروف P5+1 ) نے گزشتہ نومبر میں عبوری معاملت پر دستخط کی تھی اور تب سے وہ زیادہ مستقل نوعیت کا معاہدہ طئے کرنے کیلئے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قطعی معاملت کے لئے مقررہ قطعی تاریخ 24 نومبر ہے ۔ نیوز ایجنسی ایسنا نے ایران کے کلیدی مذاکرات کار مجید تخت روانچی کے حوالے سے کہا کہ ہم P5+1 گروپ کے ساتھ مزید مذاکرات میں خیرسگالانہ ماحول کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ، ہم کسی معاہدہ پر پہونچنا چاہتے ہیں لیکن ہم اس کیلئے کوئی قیمت ادا نہیں کریں گے۔