ایران میں مظاہرہ کے دوران تشدد، 2 افراد کی موت

دبئی 31 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے کئی شہروں میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے دوران دورد شہر میں فوج کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ایران میں حکومت مخالف مظاہرہ کے تیسرے دن سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے گئے ایک ویڈیو سے پتہ چلا ہے کہ وہاں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران کچھ جگہوں پر تشدد اور آتش زنی کے واقعات ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں دورد شہر میں مظاہرین ایران کے سپریم مذہبی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تہران یونیورسٹی میں مظاہرین نے آیت اللہ علی خامنہ ای سے اقتدار چھوڑنے کی اپیل کی جہاں پولیس کے ساتھ ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسی درمیان ہزاروں لوگ سڑکوں پر اترکر حکومت کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔
قابل غور ہے کہ 2009 میں متنازع انتخابات کی مخالفت میں مظاہروں کے بعد یہ پہلی بار ہے جب لوگوں نے اتنی بڑی تعداد میں سڑکوں پر اترکر اپنا غصہ ظاہر کیا ہے ۔