ایران میں جنسی تعلیم نصاب میں شامل

تہران 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی جنسی سرگرمی اور شادی سے پہلے جنسی تعلقات کے اضافہ پذیر رجحان کے پیش نظر ملک میں جنسی تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔فیصلے کے مطابق نصابی کتابوں میں سیکس اور جنسی تعلقات کے حوالے سے بنیادی تعلیم فراہم کی جائے گی۔اس طرح ایران میں سیکس یا جنسی تعلقات جیسا موضوع اب شجر ممنوعہ نہیں رہا۔ اب اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں اس موضوع سے متعلق خصوصی اسباق شامل کیے جائیں گے تاکہ نئی نسل کو جنسی رویوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے ۔یہ اطلاع آن لائن ڈی ڈبلیو نے دی ہے ۔انقلاب ایران کی تقریباچار دہائیوں بعد جنسی تعلقات یا پھر سیکس سے متعلق کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔2014 میں ایرانی پارلیمانی ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے 82 صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ دی اکنامسٹ جریدے میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق ایران کے نہ صرف نوجوان بالغ جنسی طور پر سرگرم ہیں بلکہ 70 سے 80 فیصد غیر شادی شدہ لڑکیوں کے بھی بوائے فرینڈ ہیں۔ اس رپورٹ میں سکینڈری اسکول کے طالب علموں کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔ ایران میں کرائے جانے والے اس سروے میں 1,42,000 طالب علم شامل تھے ۔ اپنی نوعیت کے لحاظ سے ایران میں پیش کی جانے والی یہ پہلی رپورٹ تھی۔