ایران : معاشی جرائم پر تین افراد کو سزائے موت

تہران 30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران میں خصوصی عدالتوں نے جومعاشی جرائم کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی ہیں تین افراد کو کرپشن کے الزامات میںسزائے موت سنائی ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ارنا نے یہ بات بتائی ۔ عدلیہ کے نائب سربراہ غلام حسین محسنی نے کہا کہ یہ تین افراد ان 35 مشتبہ ملزمین میں شامل تھے جن کے خلاف مقدمہ چلایا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مابقی افراد کو 20 سال تک کی الگ الگ سزائیں سنائی گئی ہیں۔ جو سزائیں سنائی گئی ہیں ان کے خلاف اپیل دائر کی جاسکتی ہے ۔ایران میں یہ خصوصی عدالتیں حال ہی میں قائم کی گئی ہیں جب حکومت نے کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کیا ہے ۔ جب سے امریکہ ایران اور عالمی طاقتوں کے ساتھ نیوکلئیر معاہدہ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اس وقت سے ایران کی معیشت زوال کا شکار ہے اور قومی کرنسی کی شرح بھی گرتی جا رہی ہے ۔ اس دوران ملک میں بیرونی کرنسی اورسونے کے سکوں کی تجارت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔