ایران جیسے نیوکلیئر معاہدہ میں کوئی دلچسپی نہیں : شمالی کوریا

سیول ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے آج ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسے ایران کی نوعیت کے نیوکلیئر معاہدہ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ شمالی کوریا پہلے ہی نیوکلیئر ہتھیاروں کا حامل ملک ہے لہٰذا اس کا ایران سے تقابل کیا جانا انتہائی غیرمنطقی ہے۔ یاد رہے کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایک ہفتہ قبل ہی تاریخی نوعیت کا معاہدہ ہوا ہے جس سے ایران پر عائد عالمی تحدیدات کے ختم ہوجانے کی راہ ہموار ہوئی ہے جبکہ اس کے عوض ایران کو اپنے نیوکلیئر پروگرام کو محدود کرنا ہوگا۔ تاہم پیانگ یانگ نے ایران جیسے کسی بھی معاہدہ کے امکانات کو یکسر مسترد کردیا۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق شمالی کوریا کے اپنا نیوکلیئر پروگرام ترک کردینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ ایران جیسے کسی معاہدہ کو قطعیت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے حالانکہ شمالی کوریا کو امریکہ سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ ترجمان نے کے سی این اے خبر رساں ایجنسی کو یہ بات بتائی۔