ایران اور سعودی عرب میں مصالحتی کردار ادا کرنے پاکستان تیار : عمران خان 

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیر مین وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران او رسعودی عرب کے درمیان مصالحت کے لئے تعمیر او رمثبت کردار ادا کرنے کوتیار ہے ۔انہوں نے یہ بات اپنی رہائش گاہ پر ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے گفتگو کے دوران کہی ۔ ایرانی سفیر پاکستان میں منعقدہ حالیہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دینے کیلئے آئے تھے ۔ انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا ۔

مہدی ہنر دوست نے عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران علاقائی امور میں پاکستان کیساتھ تعاون کو تیار ہے او روہ اس کے ساتھ تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے ۔ہنر دوست نے پاکستان سے ایران ۔پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر مذاکرات کی خواہش کا بھی اظہار کیا او رکہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کا مستقبل تبدیل کرسکتا ہے ۔عمران خان نے ایرانی حکومت کا شکر ادا کرتے ہوئے پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ ایران او ردوسرے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کا فروغ چاہتا ہے ۔

مسٹر خان نے ایران کے اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے کردار کوبھی سراہا اور ایران کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔