بیدر۔/26مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل صبح اولین ساعتوں میں آندھرا پردیش پولیس کی ایک ٹیم نے بیدر کی ایرانی کالونی موقوعہ چدری روڈبیدر کی تلاشی لینی شروع کردی۔ اطلاعات کے بموجب حیدرآباد کے سائبرآباد پولیس اسٹیشن کی پولیس نے یہ تلاشی لی اور انہیں لالہ نامی بین الریاستی سرغنہ کی تلاش تھی۔ لالہ کے بیدر میں موجود ہونے کی اطلاع ملتے ہی یہ تلاشی لی ۔ تاہم پولیس کو لالہ نہیں مل سکا۔ ابھی بھی سیکورٹی ایرانی کالونی میں موجود ہے اور لالہ کی تلاش جاری ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس معاملہ میں آندھرا پردیش پولیس ٹیم کا بیدر پولیس نے تعاون کیا۔ محترمہ فاطمہ جو ایرانیوں کی سردار بھی ہیں بتایا کہ پولیس تو ہمیشہ آتی جاتی رہتی ہے۔ ہماری گلی میں ضرور آئی لیکن ہمارے لئے نہیں آئی۔ ممبئی کے ایک معاملہ میں کچھ اطلاع انہیں ملی تھی۔ حیدرآباد کی پولیس سے میں نے بات کی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کوئی پرابلم نہیں ہے پھر وہ یہاں سے چلی گئی۔ میں نے پولیس ٹیم سے کہاکہ مجھے اگر کوئی انفارمیشن ہوگی تو ضرور بتاؤں گی۔ خود ہم لوگ چاہتے ہیں کہ غیر قانونی کام کرنے والو ں کو سزا ملے۔
یہ پوچھنے پر کہ پولیس کس شخص کو تلاش کررہی تھی۔ محترمہ فاطمہ چیرپرسن بلدیہ بیدر نے بتایا کہ ممبئی کے کسی ’ گاندھی ‘ نامی شخص کو اس کی تصویر بتاکر پولیس تلاش کررہی تھی۔ میں نے کہا کہ وہ یہاں نہیں رہتا وہ شخص ممبئی میں رہتا ہے اس کا نام گاندھی ہے۔ مزید واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال قبل بنگلور پولیس کا اعلیٰ اختیارات والے دستہ نے ایرانی کالونی میں دھاوا ڈال کر رات کے اندھیرے میں مکانات میں گھس کر اچانک تلاشی لی تھی اور پولیس نے خواتین اور مردوںکو مار پیٹ بھی کی تھی۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ بنگلور میں جوزیورات چرائے گئے تھے اس کے ملزمین اس کالونی میں روپوش ہونے کی اطلاعات پر ہم نے دھاوا کیا۔ مبینہ طور پر ایرانی کالونی کے 15افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا۔ آج اس کی تلاشی میں آندھرا پردیش چار بڑی گاڑیاں اور پانچ چھوٹی گاڑیوں کا استعمال کیا۔