ایرانی صدر حسن روحانی کی اٹلی آمد

روم ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی یورپ کے دورے کے پہلے مرحلے میں اٹلی پہنچ گئے جہاں وہ اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ یہ دورہ نیوکلیئر معاہدے کے بعد ایران پر سے عائد بین الاقوامی پابندیوں کے ہٹنے کے ایک ہفتے بعد ہو رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صدر حسن روحانی اطالوی کمپنیوں سے تقریباً 18 ارب امریکی ڈالر کا معاہدہ کریں گے۔ جبکہ اپنے یورپی سفر کے دوسرے مرحلے میں وہ فرانس میں طیاروں کے متعلق ایک اہم معاہدہ کرنے والے ہیں۔ صدر روحانی تاجروں اور حکومت کے وزرا پر مشتمل ایک 120 رکنی وفد کی سربراہی میں روم اور پیرس کے پانچ دنوں کے دورے پر ہیں۔