ایرانی رہبر آیت اللہ خامنہ ای کی کامیاب سرجری

معمولی آپریشن ہے فکر کی بات نہیں، عوام دعا کریں: خامنہ ای
تہران ، 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے روحانی پیشوا اور رہبر آیت اللہ علی خامنہ ای جو اسپتال میں داخل ہیں، آج پیر کے روز انہیں پروسٹیٹ کی سرجری کے عمل سے گذرنا پڑا ہے۔ اسپتالی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سرجری کا عمل کامیابی سے مکمل ہو گیا پے۔ اس سے پہلے خبرساں ادارہ نے ایرانی رہبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ میں ایک آپریشن کیلئے اسپتال جا رہا ہوں ، تاہم کوئی پریشانی والی بات ہرگز نہیں ہے‘‘۔ آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا، ’’ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ لوگ میرے لئے دعا نہ کریں، اگرچہ یہ ایک معمولی آپریشن ہے لیکن عوام میرے لئے دعا کریں‘‘۔ واضح رہے 75 سالہ ایرانی رہبر پچھلے 25 سال سے ایران میں اعلیٰ ترین مقتدر شخصیت کے طور پر موجود ہیں۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ہی اپنے ملک کی القدس فورس کو عراق میں داعش کے خلاف امریکہ سے تعاون کرنے کیلئے کہا ہے تاکہ مشترکہ دشمن کا مقابلہ آسان ہو سکے۔