ایرانی خواتین کو اِسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت

تہران ۔23 جون(سیاست ڈاٹ کام)ایران کی فٹبال ٹیم کو اسپین کے خلاف بھلے ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن ایرانی خواتین نے اس وقت تاریخ رقم کردی، جب انہیں 1979 کے بعد پہلی بار اپنی ٹیم کو کھیلتا دیکھنے کے لیے تہران کے ایک اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت ملی۔ایران میں کئی دہوں سے خواتین کو کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں جانے سے روکا جاتا رہا ہے لیکن اب پہلی مرتبہ ایران میں اس حوالے سے قوانین کو نرم کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کو مشترکہ طور پر تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں ایرانی ٹیم کے میچز بڑی اسکرین پر دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔اس حوالے سے ڈرامہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب سیکیورٹی اہلکاروں نے اسٹیڈیم کے دروازے بند کردیئے لیکن پھر وزیر داخلہ نے مداخلت کرتے ہوئے خواتین کو اندر جانے کی اجازت دے دی۔ایرانی ٹیم کے کپتان نے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد کہا تھا کہ وہ تبدیلی کے حامی ہیں مستقبل قریب میں خواتین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔اسپین کے خلاف شکست کے باوجود ایران کے پاس ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جانے کا موقع موجود ہے، ۔
فیڈررکا فائنل میں بورنا کورک سے مقابلہ
ہال۔23 جون(سیاست ڈاٹ کام)عالمی نمبرایک راجر فیڈررنے گراس کورٹ پر اپنی متواتر20 ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہاں گیری ویبراوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں وہ اتوار کو دسواں ہال خطاب اور کرئیرکا 99 واں خطاب حاصل کرنے کے کوشاں ہوںگے ۔فائنل میں ان کا مقابلہ بورنا کورک سے ہوگا۔