ایرانی بحری جہاز سے راکٹ اور مارٹر گولے برآمد

یروشلم ، 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ کے شہریوں کیلئے امدادی سامان کے ساتھ آنے والے ایرانی بحری جہاز کے ذریعے 160 کلومیٹر تک مار کرنے والے 40 راکٹ غزہ منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے ایرانی جہاز چہارشنبہ کو بحر احمر اور سوڈان کے درمیان سمندر میں روک لیا تھا۔ اس جہاز پر پاناما کا پرچم لہرا رہا تھا۔ بعد ازاں اتوار کے روز بندرگاہ پر اس کی تلاشی لی گئی اور اس سے ’پورے اظہار‘ کے نام سے کئے گئے آپریشن کے تحت سامان اتارا گیا۔ اس دوران 40 ایم 302 قسم کے راکٹ جن کی رینج 160 کلومیٹر ہے اور 181 کی تعداد میں 122 ایم ایم کے مارٹر گولے اور تقریباً 400 گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل بینی گانتز کے بقول اس جہاز سے ملنے والا ہر راکٹ اور ہر گولی اسرائیلی شہریوں کیلئے خطرہ لئے ہوئے تھا۔