ایرانی ایتھلیٹ 1999 سے قائم ایک ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کی

جکارتہ ، 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں ایرانی ایتھلیٹ سہراب مرادی نے 1999ء سے قائم ایک ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔ مرادی وہی ایتھلیٹ ہیں جن پر ممنوعہ ادویات استعمال کرنے پر پانچ برس قبل دو سال کی پابندی لگا دی گئی تھی۔ایرانی ایتھلیٹ سہراب مرادی نے ویٹ لفٹنگ کے کھیل میں آج تک قائم سب سے پرانا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ مرادی نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں ہفتہ کے روز 94 کلوگرام کیٹیگری میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس ایرانی کھلاڑی نے 189 کلوگرام وزن اٹھا کر یونان کے اکاکیوس کاکیاسویلس کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے سن 1999 میں 188 کلوگرام وزن اٹھا کر ویٹ لفٹنگ کا یہ ریکاڈ قائم کیا تھا۔ایران کے سہراب مرادی نے دو برس قبل برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہوئے اولمپک مقابلوں میں بھی اپنے ملک کے لیے سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ پھر پچھلے سال امریکا میں منعقدہ ویٹ لفٹنگ کی عالمی چمپئن شپ میں بھی انہوں نے ‘کلین اینڈ جرک’ 233 کلوگرام وزن اٹھاتے ہوئے اور مجموعی طور پر 417 کلوگرام وزن اٹھا کر ان دونوں شعبوں میں نئے عالمی ریکارڈ قائم کیے تھے ۔

مرادی نے ہفتے کے روز ایشیائی مقابلوں کے دوران پہلے 182 کلوگرام وزن اٹھایا۔ پھر انہوں نے 189 کلوگرام وزن اٹھانے کی کوشش کی، جس میں وہ شروع میں ناکام رہے ۔ تاہم اپنی تیسری کوشش میں وہ کامیاب رہے اور یوں ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ مرادی کے بقول اب وہ 96 کلوگرام کیٹیگری میں کھیلنے کے لیے تیاری کریں گے ۔ممنوعہ ادویات کے استعمال پر انتیس سالہ سہراب مرادی پر سن 2013 میں دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔