ایجنٹ کے دھوکہ سے متاثرہ شخص کی ہندوستان واپسی

شمس آباد۔/5مئی ، ( سیاست نیوز) ٹراویل ایجنٹ کے دھوکہ کی وجہ سے عراق میں پھنسے شخص کی ہندوستان واپسی ہوئی۔ تفصیلات کے بموجب ناگیندر ساکن ایسٹ گوداوری بیرون ملک ملازمت کیلئے نظام آباد کے ساکن ستیم نامی ایجنٹ کو ایک لاکھ 90 ہزار روپئے ادا کئے جس پر اس نے گزشتہ سال ناگیندر کو عراق ملازمت کے لئے لے گیا اور وہاں چھوڑ کر چلا گیا جس سے وہ حیران ہوکر ملازمت کیلئے ایک مقام سے دوسرے مقام کو گھوم رہا تھا جس پر عراق پولیس نے اسے حراست میں لے لیا تھا۔ ناگیندر نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ مدد کی اپیل کی تھی جس پر تلنگانہ گلف اسوسی ایشن صدر بسنت ریڈی نے وزیر آئی ٹی کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ناگیندر کی رہائی کی اپیل کی تھی جس پر کے ٹی آر نے کامیاب کوشش کرتے ہوئے اس کی رہائی کو یقینی بنایا جس کے بعد وہ عراق سے رہائی کے بعد شمس آباد ایرپورٹ کو واپس ہوئے جہاں پر ان کا بسنت ریڈی نے استقبال کیا اور وہاں کے حالات سے واقفیت حاصل کی۔ دھوکہ دہی کی وجہ سے اسے جیل میں تقریباً ایک سال گزارنا پڑا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ 90 ہزار روپئے بھی برباد ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ڈی جی پی سے راست ملاقات کرتے ہوئے ایجنٹ کے خلاف شکایت درج کرائیں گے اور سخت سے سخت سزا کی اپیل کریں گے۔ رہائی پر انہوں نے وزیر آئی ٹی کے ٹی آر اور بسنت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ بسنت ریڈی نے ایرپورٹ سے ان کے آبائی وطن کی واپسی تک کا انتظام کیا۔