رابرٹ واڈرا و دیگر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دھاوے غیرقانونی ، ڈنڈے کے بل پر تلاشی مہم نہیں چلے گی
نئی دہلی۔ 8 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) کی صدر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا اور ان کے اہل خانہ کے گھروں پر میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ای ڈی، سی بی آئی، سی وی سی وغیرہ ایجنسیوں اوران کے افسران کو آج سخت تنبیہ کی اور کہا کہ وہ کوئی غیر قانونی کام نہ کریں۔ ہوا بدل رہی ہے اور ان کو بچانے مسٹر نریندر مودی نہیں آئیں گے ۔کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی اور پون کھیڑا نے ہفتہ کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ کے اشارے پر سیاسی انتقام کے جذبے سے مسٹر واڈرا اور ان کے اہل خانہ کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں غیر قانونی طریقے سے پریشان کیا جا رہا ہے ۔
ایسا لگتا ہے کہ سی بی آئی اور ای ڈی وغیرہ ایجنسیاں مودی ،شاہ کی ذاتی فوج بن گئی ہے اور ان کے اشارے پر قانون کی پرواہ کئے قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھاپے مارنے سے پہلے نہ ایف آئی آر درج کی گئی اور اور نہ ہی چھاپے مارنے کے لئے ضروری سرچ وارنٹ کی ضرورت محسوس کی گئی۔مسٹر واڈرا کے وکیل کی بات نہیں سنی جا رہی ہے اور ڈنڈے کے بل پر تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے ۔ افسران آئین اور قانون سے قطع نظر صرف مودی شاہ کی جوڑی سے مل رہے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ کانگریس ترجمان نے مودی حکومت کی اس کارروائی کو پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی یقینی انتخابی مایوسی کا نتیجہ بتایا اور چھاپہ مارنے والی ایجنسیوں اور حکام کو خبردار کیا کہ انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ مودی ہمیشہ نہیں رہیں گے ۔ موسم بدل رہا ہے اور اقتدار بھی تبدیل ہونے والا ہے ۔حکام کو غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہئے اور سمجھ لینا چاہئے کہ مودی ان کو بچانے نہیں آئیں گے ۔کانگریس نے جانچ ایجنسیوں کو یہ انتباہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول میں اس کے کئی ریاستوں میں فاتح پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئے اشارہ ملنے کے ایک دن بعد دی ہے ۔