برمنگھم۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام )انگلش کاؤنٹی واروکشائر کے چیف ایگزیکٹو نیل اسنو بال نے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر ہندوستان اور پاکستان کے مقابلوں کے انعقاد میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے دونوں ممالک کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپنی باہمی سیریز کے میچز اس گراؤنڈ پر کھیل سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار کو ایجبسٹن کا گراؤنڈ چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں روایتی حریفوں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچز کی تیسری مرتبہ میزبانی کرے گا اور نیل اسنو بال اسی بنیاد پر یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ میدان پاک ہندوستان میچوں کیلئے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑے معرکے کو سنبھالنے کا تجربہ رکھتے ہیں اور یہ کوئی ایسا میچ نہیں ہوتا کہ کہیں بھی کھیل لیا جائے کیونکہ اس کی بالکل علیحدہ انفرادیت ہے جس کیلئے مخصوص پرستار اور یکسر مختلف ماحول درکار ہوتا ہے۔ نیل اسنو بال کے مطابق اگر دونوں ممالک اپنی کرکٹ تیسرے مقام پر کھیلنا چاہتے ہیں تو ایجبسٹن کو قابل غور سمجھیں کیونکہ وہ خود بھی ان میچوں کی میزبانی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔