دبئی ، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شام میں باغیوں کی نمائندہ مسلح افواج جیش الحر نے صدر بشار الاسد کی حامی لبنانی شیعہ عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے گیارہ جنگجوؤں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ یرغمالیوں میں ایک اہم شخصیت بھی بتائی جاتی ہے۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق جیش الحر کی سپریم کونسل کے رکن رامی دالاتی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ہمارے فوجی جوانوں نے حزب اللہ سے وابستہ اہم شخصیت سمیت گیارہ جنگجوؤں کو حراست میں لیا ہے، جنہیں جلد ہی میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ حزب اللہ کے جنگجو کہاں سے اور کب پکڑے گئے ہیں۔ دالاتی نے بتایا کہ سرکاری فوج کی صفوں میں ایک مرتبہ پھر سے پھوٹ پڑی ہے جس کی وجہ سے علوی قبیلے سے تعلق رکھنے والے گیارہ فوجی افسر فراری کے بعد باغیوں سے آ ملے ہیں۔ شامی فوج میں پھوٹ کی خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب شام کے مختلف شہروں میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ بعض مقامات پر شامی فوج نے پیش قدمی کا بھی دعویٰ کیا ہے۔