اہل وطن تک اسلامی تعلیمات پہنچانے پر زور

اوٹکور ۔ 26 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اللہ تعالی نے علم کی بنیاد پر ہی انسان کو اپنے خلیفہ کے منصب پر فائز کیا اور ہم علم کے حصول کے ذریعہ ہی خیرالامت کا حق ادا کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد شمیم الدین حیدر سابق ناظم علاقہ جماعت اسلامی رائچور ( کرناٹک ) نے اوٹکور میں مدرسہ فیض الہدی کا نواں سالانہ جلسہ و دستار بندی حفاظ کرام میں صدارتی خطاب میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہماری ذات وجود و قار اور زندگی کیلئے انتہائی ضروری ہے چونکہ علم کے بغیر دین و دنیا کی کچھ بھی ترقی نہیں ہوتی مولانا نے مزید کہا کہ علم بڑی دولت ہے ۔ اسلام میں مدارس کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مدارس ایسی تعلیم کے گہوارے ہیں جہاں پر قرآن و حدیث کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ اگر ہم آج اسلامی تعلیمات کو اہل وطن سے واقف کروائیں تو لوگوں کے دماغوں میں پھیلی ہوئی اسلام اور دینی مدارس سے متعلق غلط فہمیاں دور ہوسکتی ہیں ۔ جماعت اسلامی نے ملک کی تمام زبانوں میں برادران وطن تک 14 زبانوں میں قرآن مجید کا ترجمہ کیا ہے ۔ اس لئے کہ اللہ کا پیغام اللہ کے بندوں تک پہنچانا ہوگا ۔ مہمان مقرر مولانا عبدالقوی حسامی صدر مدرسہ جامعہ اسلامیہ فیض العلوم حسینیہ مکتھل نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انسان دنیا میں آزمائش کیلئے بھیجا گیاہے ۔ اس آزمائش پر پورا اترنے کیلئے نیک اعمال کریں ، نیک اعمال ہی جنت میں لے جائیں گے ۔ مولانا نے کہا کہ اللہ تعالی قرآن مجید میں علم کو خلافت اورنہایت کیلئے ادرکار دنیا چلانے کیلئے ضروری قرار دیا ۔ انہوں نے دینی علم کے ساتھ عصری علوم کے حصول پر زور دیا ۔ مولانا نے سچر کمیٹی کی سفارشات پر مبنی مسلمانوں کی تعلیمی رپورٹ پر سیر حاصل روشنی ڈالی ۔ شہ نشین پر مولانا ابوالحسن گدوالی ، جناب ابراہیم مکتھل صدر کمیٹی فیض الہدی ، جناب حشمت اللہ کلوال ، جناب محمد خورشید گدوال ترجمان تلگودیشم پارٹی ، مولانا عبدالحنان بانی جامعہ عائشہ سلقیہ ، جناب ابراہیم شاہ بھائی صدر مکہ مسجد ، جناب تاج الدین ، جناب امتیاز احمد امام نے شرکت کی ۔ جناب کاظم حسین ناظم مدرسہ فیض الہدی ، امیر مقامی جماعت اسلامی نے استقبالیہ رپورٹ پیش کی اور مدرسہ کا تعارف پیش کیا ۔ اس موقع پر حافظ قرآن محمد سلیمان ولد اللہ بخش حیدرآباد کی تہنیت اور گلپوشی اور تمام 37 حفاظ کرام طلباء کی بھی دستار بندی کی گئی اور انعامات سے نوازا گیا ۔