اگلا ورلڈ کپ 10 ٹیموں پر مشتمل ہوگا : آئی سی سی

سڈنی ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوو رچرڈسن نے 2019ء کے ورلڈ کپ کو اس کے منصوبہ بند 10 ٹیموں سے وسعت دینے کی اپیلوں کو عملاً مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کھیل کی گورننگ باڈی توسیع پسندی کی بجائے انٹرنیشنل ٹیموں میں مسابقت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ یہاں منعقدہ ورلڈ کپ سیمی فائنل کے موقع پر جو آسٹریلیا نے ڈیفنڈنگ چمپئن انڈیا کو 95 رنز سے ہرا کر جیتا، رچرڈسن نے کہا کہ آئی سی سی قیادت 2019ء ٹورنمنٹ کو 10 ٹیموں تک محدود کرنے کے اپنے موجودہ موقف کا جائزہ لے گی۔ لیکن یہ بھی کہا کہ اس کے موقف میں تبدیلی غیرممکن ہے حالانکہ دوسرے درجہ (اسوسی ایٹ) کی ٹیموں اور عالمی سطح پر کرکٹ پرستاروں کا دباؤ ہے۔ سابق جنوبی افریقی ٹسٹ وکٹ کیپر رچرڈسن نے کہا، ’’میں ہنوز اس مباحث کو کسی اور دن کیلئے چھوڑنا پسند کروں گا۔‘‘