اگر مودی حقیقی سیکولر ہیں تو … مجھے وزارت عظمیٰ امیدوار مقرر کریں : اعظم خاں

سدھارتھ نگر۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اترپردیش اعظم خان نے سیکولر کارڈ کھیلنے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کی کوششوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر مودی حقیقی سیکولر ہیں تو انہیں (اعظم خاں) وزارت عظمیٰ امیدوار مقرر کیا جانا چاہئے۔ مودی نے کل مشرقی اترپردیش میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو مل کر غربت کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہندو مسلمانوں سے اور مسلمان ہندوؤں سے لڑتے رہیں تو دونوں کو کیا حاصل ہوگا؟

دونوں کو بھی فائدہ نہیں ہوگا۔ ہندو اور مسلمان دونوں کا ایک ہی مسئلہ ہے اور وہ ہے غربت۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندو اور مسلمانوں کو مل کر غربت سے لڑنا چاہئے۔ اعظم خاں نے مودی کے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے شخص کی زبان سے سیکولرازم کی باتیں اچھی نہیں لگتی جس نے گجرات میں فسادات کی سرپرستی کی۔ اگر نریندر مودی حقیقی سیکولر ہیں تو انہیں چاہئے کہ انہیں (اعظم خاں) یا بی جے پی لیڈر مختارعباس نقوی کو وزارت عظمیٰ امیدوار مقرر کریں۔ اعظم خاں نے آج یہاں اچانک دورہ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی سیکولر ہیں تو انہیں انتخابی ریالیوں میں لارڈ رام کے ساتھ ساتھ کعبہ شریف اور بابری مسجد کی تصاویر بھی رکھنی چاہئے۔