اگروال پر شادی کے بعد قسمت مہربان

میلبورن ۔25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں ہونے والے تیسرے ٹسٹ کے لئے ہندوستانی ٹیم نے اپنے قطعی 11 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں کرناٹک کے اوپنر مینک اگروال کوبھی جگہ ملی ہے۔ مینک اگروال کو ٹیم میں جگہ ملنے کی وجہ صرف کے ایل راہول، مرلی وجے کا ناکام ہونا اورپرتھوی شا کا زخمی ہونا نہیں ہے بلکہ انہوں نے گزشتہ رانجی سیزن میں 13 اننگز کھیلنے کے بعد 105.45 کی اوسط سے 1160 رن بنائے ، جس میں ایک ٹرپل سنچری سمیت 5 سنچری اوردونصف سنچری شامل تھی۔ اگروال نے وجے ہزارے ٹرافی 2018 میں بھی 8 اننگز میں 90.37 کی اوسط اور107.91 کی اسٹرائیک ریٹ سے 723 رن بنائے، جس میں تین سنچری اور4 نصف سنچری شامل رہی۔ اتنی بہتر کارکردگی کے باوجود مینک اگروال کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی تھی۔ افغانسان کے خلاف واحد ٹسٹ میچ کیلئے انہیں ٹیم میں منتخب کیا گیا، لیکن پلیئنگ الیون میں انہیں جگہ نہیں دی گئی۔ مینک اگروال نے چھ ماہ قبل اپنی بچپن کی دوست سے شادی کی اورپھرقسمت بدل گئی اوراب ٹیم میں ٹسٹ میچ کھیلیں گے۔ حالانکہ اب ٹیم مینجمنٹ نے انہیں میلبورن میں ٹسٹ کرئیرکے آغاز کا موقع دیا ہے، امید ہے کہ وہ اس کا فائدہ اٹھائیں گے۔ واضح رہے مینک اگروال کی قسمت رنز بنانے کے علاوہ شادی کرنے کے بعد بھی کھلی ہے۔